ممبئی یکم اپریل:مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کی اتحادی این سی پی نے بارامتی حلقۂ پارلیمنٹ سے اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کے نام کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے اسی سیٹ سے شردپوار کی صاحبزادی سپریا سولے میدان میں ہیں۔ سنیترا پوار سپریاسولے کی بھابھی ہیں۔ مہایوتی کی جانب سے اپنی بھابھی کو امیدوار بنائے جانے کو سپریا سولے نے بی جے پی کی شردپوار کو ختم کرنے کی سازش بتایا ہے۔ این سی پی شردپوار گروپ کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا ہے کہ بی جے پی دراصل اس کے ذریعے شردپوار کو سیاسی طور پر ختم کرنا چاہتی ہے۔ بارامتی لوک سبھا سیٹ سے میرے خلاف میری بھابھی سنیترا پوار کو کھڑا کرنا بی جے پی کی چال ہے۔ سپریا سولے نے کہا کہ سنیترا میرے بڑے بھائی (اجیت پوار) کی بیوی ہیں اور بڑی بھابھی کو ماں کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ پوار خاندان کے اندر کی لڑائی سے بھابھی سنیترا کے لیے میری عزت کم نہیں ہوگی۔ وہ ہمیشہ میرے لیے ماں کی طرح ہی رہیں گی۔ واضح رہے کہ 30 مارچ کو این سی پی اجیت پوارگروپ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی بیوی سنیترا پوار کو بارامتی سے اپنا امیدوار قرار دیا تھا۔ اسی سیٹ سے این سی پی شرد پوار دھڑے نے شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے کو ٹکٹ دیا ہے۔ سپریا سولے اسی بارامتی سیٹ سے تین بار کی ممبر آف پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2009 میں یہاں سے الیکشن جیتا تھا۔ پھر 2014 اور 2019 میں یہاں سے کامیابی حاصل کی۔ اجیت پوار شرد پوار کے بھتیجے ہیں، اس لحاظ سے وہ سپریا کے بھائی ہوتے ہیں اور ان کی اہلیہ سنیترا پوار سپریا سولے کی بھابھی۔