ممبئی 9 جنوری: مہاراشٹرکے بلڈھانا ضلع کے کچھ گاؤں سے عجیب و غریب خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں اچانک لوگ گنجے پن کا شکار ہونے لگے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لوگ بال گرنے کی شکایت کرتے ہیں اور کچھ ہی دنوں کے اندر پورے طور پر گنجے ہو جاتے ہیں۔ کئی لوگوں کے تو محض ایک ہفتے میں سر کے سارے بال اُڑ گئے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہاں کے 3 گاؤں میں گزشتہ 3 دن میں اچانک 60 لوگ گنجے پن کا شکار ہوئے ہیں۔ شہر کے شہ گاؤں تحصیل کے بونڈ گاؤں، کالوڑ اور ہنگنا گاؤں میں بچوں سے لے کر بزرگوں تک سبھی لوگوں کے بال جھڑنے لگے ہیں۔ اس سے سبھی گنجے ہوتے جا رہے ہیں، یہاں تک کہ خواتین بھی اس کا شکار ہونے سے نہیں بچ پا رہی ہیں۔ اس معاملے کو لے کر ضلع انتظامیہ مستعد ہو گئی ہے اور یہاں کے پانی کی جانچ کی جا رہی ہے۔
شہ گاؤں کی صحت افسر ڈاکٹر دیپالی باہیکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ شہ گاؤں تعلقہ کے کلوڑ، بوند گاؤں اور ہنگنا گاؤں میں صحت محکمہ کی ٹیم نے منگل کو علاقے کا سروے کیا ہے اور اب متاثرہ لوگوں کا علاج شروع ہو چکا ہے۔ ان تینوں گاؤں میں پچاس سے زیادہ لوگ صرف ایک ہفتے میں گنجے ہو گئے ہیں۔ بہت لوگوں کے سر سے بالوں کے گچھے گچھے الگ ہو رہے ہیں۔ ضلع کونسل صحت محکمہ کے لوگوں نے مریضوں میں پائی گئی علامات کو دیکھتے ہوئے ان کا علاج شروع کر دیا ہے۔ متاثرین کو ماہر امراض جلد کی صلاح بھی لینے کے لیے کہا گیا ہے۔ ان گاؤں سے جانچ کے لیے پانی کے نمونے بھی لیے گئے ہیں۔ اس پانی میں کسی ملاوٹ کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے انہیں لیب میں بھیجا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر نے لوگوں کو پانی کے نمونوں کی رپورٹ آنے تک اپنی صحت کا خوب خیال رکھنے کو کہا ہے۔