گوندیا (مہاراشٹر)29نومبر: مہاراشٹر کے گوندیا ضلع میں جمعہ کو دوپہر کے وقت ایک شدید بس حادثہ پیش آیا جس میں 9 افراد کی ہلاکت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ گوندیا-کوہمارا ریاستی ہائی وے پر گاؤں کھجری کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے وقت بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں سے 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی افراد شدید زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھنڈارا سے ساکولی لکھانی ہوتے ہوئے گوندیا کی طرف جا رہی ایک بس کے سامنے اچانک ایک موٹر سائیکل آ گئی۔ موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں بس کے ڈرائیور نے تیز رفتار سے کٹ مارا جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر پلٹ گئی۔ حادثہ ہونے کے بعد، بس کے ڈرائیور کا پتہ نہیں چل سکا، وہ موقع سے فرار ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس خدمات کو دی گئی، جس کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
زخمیوں کو نکال کر گوندیا کے ضلعی سرکاری ہسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔ حادثے کے بعد بس کو کرین کی مدد سے سیدھا کرنے اور اس کے ملبے سے مزید ممکنہ زخمیوں کی تلاش کا عمل جاری تھی۔ عہدیداروں کی جانب سے اس حادثے پر فوری ردعمل ظاہر کیا گیا۔ مہاراشٹر کے قائم مقام ڈپٹی سی ایم دیوندر فڑنویس نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا، ’’یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو ہم تعزیت پیش کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی افراد کو فوری طور پر علاج کے لئے نجی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں ناگپور منتقل کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ پولیس حکام اس حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور اس کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات آنے کے ساتھ، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔