ممبئی 13فروری:شرد پوار نے انتخابی کمیشن کے ذریعہ اجیت پوار گروپ کو حقیقی این سی پی مانے جانے کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کر لیا ہے۔ انتخابی کمیشن کی طرف سے این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کا نام اور انتخابی نشان ’گھڑی‘ اجیت پوار گروپ کو دیے جانے پر شرد پوار گروپ نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عرضی پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شرد پوار نے یہ عرضی ایڈووکیٹ ابھشیک جیبراج کے ذریعہ پیر کی شام کو اپنی ذاتی حیثیت سے داخل کی ہے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اجیت پوار گروپ اس سے قبل ہی سپریم کورٹ میں کیویٹ داخل کر چکا ہے۔ ان کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے اس معاملے میں داخل کسی بھی عرضی پر سماعت ہو تو ان کا بات بھی سنی جائے۔ قابل ذکر ہے کہ این سی پی کے دو گروپ بننے کے بعد تقریباً چھ ماہ سے پارٹی پر حق کو لے کر انتخابی کمیشن میں سماعت چلی۔ 10 سے زیادہ سماعتوں کے بعد انتخابی کمیشن نے این سی پی میں تنازعہ کا نمٹارا کیا اور اجیت پوار کی قیادت والے گروپ کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ اب این سی پی کا نام اور انتخابی نشان ’گھڑی‘ اجیت پوار کے پاس ہے۔ اس فیصلے پر شرد پوار گروپ نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔ اتنا ہی نہیں، شیوسینا (یو بی ٹی) اور کانگریس نے بھی انتخابی کمیشن کے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی اور عدالت جانے کی بات کہی تھی۔