ممبئی، 24 اپريل (یو این آئی) جمعیۃ علماءہندکےنائب صدر،جانشین امام اہل سنت مولاناعبدالعلیم فاروقی ؒکےسانحہ ارتحال پر رنج وغم کااظہارکرتےہوئے مولانا حافظ مسعود احمد حسامی (کارگزار صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر)مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) نےکہاکہ مولانا ایک تاریخی خانوادہ کے بلندپایہ عالم دین، صف اول کےملیّ رہنما ،مدح صحابہ کے سپہ سالار اورعالمی شہرت کےحامل خطیب و مناظر تھے،ان کی وفات ملت کاایک عظیم خسارہ ہے۔مولانا مسعود احمد حسامی نےکہاکہ آپ فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ اور جانشین شیخ الاسلام مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کے دور صدارت میں طویل عرصے تک جمعیۃ علماءہندکےناظم عمومی رہے، پچھلے ایک ٹرم سے پیرانہ سالی کے سبب نائب صدر کے عہدے پر فائز کئے گئے ۔مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ہند کی ایک تاریخ تھے، امام اہل سنت مولانا عبدالشکورفاروقی کے حفید اورمناظر اسلام مولاناعبدالسلام فاروقی کےجانشین اوران کی روایتوں کےامین وپاسبان کی حیثیت سے مولانا مرحوم لکھنؤ میں متعارف تھے ۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نےکہاکہ مولانافاروقی اس عہدکےممتازملیّ قائد تھے، دین وشریعت، علم ودیانت اور فکرو بصیرت کے گہرے امتزاج سےحالات کوپہچاننےکی صلاحیت رکھتے تھے۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نےکہاکہ ان کی زندگی کامشن حضرات صحابہؓ کےفضائل ومناقب کاتذکرہ تھا، وہ ادارہ دارالمبلغین کے مہتمم،دارالعلوم دیوبند اور ندوۃ العلماء کی شوری کےمعززرکن اور بہت سارے مدارس کے سرپرست تھے۔