پٹنہ 12اگست: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں موسلا دھار بارش کے بعد پورا شہر پانی پانی ہوگیا ہے۔ کئی جگہ نالی اور گڈھوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔ یہاں تک کہ بہار قانون ساز اسمبلی احاطہ، آس پاس کے کئی وزیروں کے بنگلوں اور پٹنہ کے کئی اسپتالوں میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے۔ پٹنہ شہر کی ایسی حالت دیکھ کراس سلسلے میں حکومت کی تیاریوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ حالانکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے فوری طور پر جگہ جگہ جاکر متاثر علاقوں کا معائنہ کیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق نتیش کمار نے پمپ ہاؤس کا جائزہ لیا اور افسران کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ بارش کے دوران شہر میں پانی کا جماؤ نہیں ہو پائے۔ شہر میں 41.8 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے اسٹرینڈ روڈ، راج بنسی نگر، بورنگ روڈ، بیلی روڈ اور پاٹلی پُترا کالونی سمیت زیادہ تر پاش علاقوں اور نچلے علاقوں میں بارش کا پانی بھر گیا، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں بہت دقتیں پیش آئیں۔ زیادہ بارش کا اثر بہار قانون ساز اسمبلی احاطہ میں بھی دیکھنے کو ملا جب وہاں بھی پانی نے اپنی دستک دے دی۔ یہی نہیں کچھ دوری پر ہی واقع کئی ریاستی وزراء کے سرکاری بنگلوں میں بھی بارش کا پانی بھر گیا ہے۔