رانچی 5فروری:کانگریس رہنما راہل گاندھی نے میڈیا کو ’مودی متر‘ بتاتے ہوئے ان پر سچ چھپانے کا الزام لگایا اور کہا کہ ملک کو سچ بتانے کے لیے ستیہ گرہ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مودی کے ’میڈیا متر‘ آپ کو کبھی ملک کے بارے میں سچ نہیں بتائیں گے، اب ہمیں ملک کو سچ بتانے کے لیے ستیہ گرہ کرنا پڑے گا۔‘‘ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے ورکرز (ملازمین) کو کنٹریکٹ پر رکھنے کے رجحان کو بڑھاوا دیا ہے۔ سال 2011 تک صرف 28 فیصد فیکٹریوں میں کنٹریکٹ ورکرز کام کرتے تھے اور 2020 تک یہ تعداد بڑھ کر 98 فیصد ہو گئی۔ تنخواہ دار ورکرز میں سے بھی آدھے سے زیادہ ورکرز معمول کے اوقات سے زیادہ کام کرتے ہیں، انہیں نہ تو پی ایف ملتا ہے اور نہ ہی پنشن، اس لیے آج ہر ورکر کو اپنا اور اپنے خاندان کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے۔‘‘راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس ہندوستان کی تعمیر کرنے والے ان ورکرز کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور بی جے پی انہیں مٹھی بھر طاقتور لوگوں کا غلام ۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا ان ورکرز کی آواز بننے اور انہیں ان کے حقوق اور انصاف دلانے کا ایک ذریعہ ہے۔‘
پٹنہ 5 فروری (یواین آئی)بہار پردیش راشٹریہ جنتا دل کے ترجمان اعجاز احمد نے جھارکھنڈ میں چمپئی سورین کی قیادت والی حکومت کو اعتماد کا ووٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انڈیا اتحاد کو اعتماد کا ووٹ ملنا ثابت کرتا ہے کہ این ڈی اے اتحاد کے ای ڈی کارڈ کی ہوا نکل گئی ہے۔