نئی دہلی، 5 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو قومی راجدھانی خطے میں اتر پردیش کے صاحب آباد اسٹیشن سے مشرقی دہلی کے نیو اشوک نگر اسٹیشن تک نمو-بھارت ٹرین کا سفر کیا اور اس کے ساتھ نیا تیار کیا جارہا ریجنل ریپڈ ریل مسافر ٹرانسپورٹ نظام دہلی میں داخل ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے دہلی میں 12,200 کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ پروجیکٹوں کی بنیادی توجہ علاقائی رابطے کو بڑھانا اور سفر میں آسانی کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم نے صاحب آباد آر آر ٹی ایس اسٹیشن سے نیو اشوک نگر آر آر ٹی ایس اسٹیشن تک نمو بھارت ٹرین میں سواری بھی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج دہلی این سی آر کو حکومت ہند کی طرف سے ایک اہم تحفہ ملا ہے اور ہندوستان کی شہری نقل و حرکت میں مزید توسیع ہوئی ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستانی شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے مستقبل کو ظاہر کرنے والی نمو بھارت ٹرین میں صاحب آباد سے نیو اشوک نگر تک دن کے وقت اپنے پہلے سفر کو یاد کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ انھوں نے بہت سے نوجوانوں سے بات چیت کی جو خوشی اور امید سے بھرے ہوئے تھے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نمو بھارت پروجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد دہلی میرٹھ روٹ پر ٹریفک میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ انھوں نے دہلی این سی آر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔مسٹر مودی نے کہا کہ آج ہندوستان کے جدید بنیادی ڈھانچے کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ انھوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستان کا میٹرو نیٹ ورک اب 1000 کلومیٹر تک پہنچ گیا ہے اور اسے ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ 2014 میں جب ملک نے انھیں موقع دیا تھا تو ہندوستان میٹرو کنکٹیویٹی کے معاملے میں عالمی سطح پر ٹاپ ٹین میں بھی شامل نہیں تھا ۔
اور تاہم گذشتہ دس سالوں میں بھارت میٹرو نیٹ ورک کے معاملے میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت کے موجودہ دور میں ہندوستان کے پاس دنیا کا دوسرا سب سے بڑا میٹرو نیٹ ورک ہوگا۔