امپھال 9دسمبر:منی پور کے 9 اضلاع میں جاری موبائل انٹرنیٹ پر پابندی آج ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا۔ منی پور حکومت نے 9 دسمبر کو اس سلسلے میں بڑی پیش قدمی کرتے ہوئے عوام کو ایک بڑی سہولت دی ہے۔ حکومت کے محکمہ داخلہ نے ایک حکم جاری کر ریاست کے 9 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کی عارضی معطلی کو واپس لینے کا اعلان کیا۔ حکومت نے امپھال مغرب، امپھال مشرق، بشنو پور، تھوبل، کاکچنگ، جریبام، چراچندپور، کانگپوکپی اور پھیرجاول اضلاع میں نظام قانون کی حالت اور انٹرنیٹ خدمات کے ساتھ اس کے روابط کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا۔ کمشنر (داخلہ) این اشوک کمار نے اپنے حکم میں کہا کہ ’’ریاستی حکومت نے موجودہ نظام قانون کی حالت اور انٹرنیٹ سروسز کے جنرل آپریشن کے ساتھ اس کے روابط کا تجزیہ کرنے کے بعد، منی پور کے امپھال مغرب، امپھال مشرق، بشنوپور، تھوبل، کاکچنگ، جریبام، چراچندپور، کانگپوکپی اور پھیرجاول میں انٹرنیٹ اور ڈاٹا سروسز پر جاری سبھی طرح کی عارضی پابندی کو فوری اثر سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ گزشتہ نومبر ماہ میں 3 خواتین اور 3 بچوں کی لاش جیری اور براک ندیوں میں ملنے کے بعد ریاست میں تشدد بڑھ گیا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے نظام قانون برقرار رکھنے کے لیے 16 نومبر کو 9 اضلاع مین انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے موبائل انٹرنیٹ پر پابندی کو کئی مرتبہ آگے بڑھایا گیا، اور اب حالات معمول پر آنے کے بعد اس پابندی کو ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔