نئی دہلی11جولائی: سپریم کورٹ میں جمعرات (11 جولائی) کو سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت ملتوی کر دی گئی، ایسا اس لئے کیا گیا کیونکہ دہلی شراب پالیسی معاملے میں گرفتار سسودیا کی عرضی پر سماعت کرنے والے جج نے خود کو معاملہ سے علیحدہ کر لیا۔ وہ تقریباً 16 ماہ سے جیل میں ہے اور کئی بار ضمانت کی درخواست پیش کر چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سنجے کمار نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی کے خلاف منی لانڈرنگ اور شراب پالیسی معاملے سے متعلق بدعنوانی کے معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سسودیا نے اس معاملے میں ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ، سنجے کرول اور سنجے کمار نے اس کیس کی سماعت کرنی تھی، لیکن کمار نے خود کو اس سے الگ کر لیا۔ عدالت عظمیٰ کی بنچ نے کہا کہ منیش سسودیا کی درخواست کی سماعت ایک اور بنچ کرے گی، جس میں جسٹس سنجے کمار حصہ نہیں ہوں گے۔ جیسے ہی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس کھنہ نے کہا کہ ہمارے بھائی کو کچھ مسئلہ ہے، وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے کیس نہیں سننا چاہتے۔ اس پر عام آدمی پارٹی کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے بنچ سے اس معاملے کی فوری سماعت کرنے کی درخواست کی۔