نئی دہلی 29جولائی: دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت 5 اگست تک ملتوی ہو گئی ہے۔ منیش سسودیا نے اپنی ضمانت میں اپنے گزشتہ 16 ماہ جیل میں بند رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت طلب کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ سی بی آئی کا جواب داخل ہو چکا ہے، ای ڈی کا جواب آنا باقی ہے، ہم اسے یکم اگست تک کا وقت دے رہے ہیں۔ عدالت نے اس کے بعد سماعت کے لیے 5 اگست کی تاریخ طے کی ہے۔ منیش سسودیا نے دہلی آبکاری پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں سسودیا کی جانب سے یہ دلیل دی گئی ہے کہ وہ 16 ماہ سے جیل میں ہیں اور گزشتہ سال اکتوبر سے ان کے خلاف کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ عدالت نے 16 جولائی کو سسودیا کی درخواستوں پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور سی بی آئی اور ای ڈی سے جواب طلب کیا تھا۔ واضح رہے کہ سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو سسودیا کو دہلی آبکاری پالیسی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے انہیں 9 مارچ 2023 کو سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔