پیرس، 2 اگست (یو این آئی) ہندوستانی نشانے باز اننت جیت سنگھ ناروکا پیرس اولمپک 2024 گیمز میں مردوں کے اسکیٹ کوالیفکیشن مقابلے کے پہلے دن جمعہ کو 26ویں نمبر پر رہے۔ ناروکا کوالیفکیشن ایونٹ کے پہلے دن کے بعد 68 کے مجموعی اسکور کے ساتھ 26 ویں نمبر پر رہے۔ ایشین گیمز کے سلور میڈلسٹ نے پہلے اور تیسرے راؤنڈ میں 23 اور دوسرے میں 22 اسکور کیا۔ چوتھا اور پانچواں راؤنڈ 3 اگست کو ہوگا۔ امریکہ کے ونسنٹ ہینکوک اس وقت 75 کے مجموعی اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے ہم وطن کونر لن پرنس (74) اور چینی تائپے کے لی مینگ یوآن (74) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ کوالیفکیشن راؤنڈ کے دونوں دنوں کے بعد صرف ٹاپ چھ شوٹر ہی فائنل میں پہنچیں گے۔ اس سے قبل ہندوستانی شوٹر منو بھاکر نے خواتین کے 25 میٹر پسٹل کوالیفکیشن راؤنڈ میں 590-24 گنا اسکور کرکے دوسرا مقام حاصل کیا۔
اس کے ساتھ وہ مقابلے کے فائنل میں پہنچ گئی۔ فائنل میچ ہفتہ کو چیٹوروکس میں ہوگا۔ بھاکر نے درستگی کے مرحلے میں 294 اسکور کیا جبکہ ریپڈ میں اس کا اسکور 296 رہا۔ دوسری طرف ایشا نے کل ملاکر 581-17x (291 پریسجن میں اور 290 ریپڈ میں) اسکور کیا۔ وہ خواتین کے 25 میٹر پسٹل کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔