دہلی :02؍جنوری :وزارت کھیل نے جمعرات کو قومی کھیل ایوارڈ 2024 کا اعلان کیا۔ اولمپک ڈبل میڈلسٹ شوٹر منو بھاکر، عالمی شطرنج چیمپئن ڈی گوکیش، ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ کھلاڑی پروین کمار کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔اس کے علاوہ 5 کوچز کو ڈروناچاریہ ایوارڈ، 2 کو لائف ٹائم اچیومنٹ کے لیے دیا جائے گا۔ 34 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا جائے گا، ان میں سے 17 پیرا ایتھلیٹس ہیں، جب کہ2 لائف ٹائم اچیومنٹ کے لیے ہیں۔ ایوارڈ کی تقریب17 جنوری کو راشٹرپتی بھون میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق اولمپک میڈلسٹ ہاکی کپتان ہرمن پریت نے کھیل رتن سمیت ارجن اور ڈروناچاریہ ایوارڈز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے نام جاری کیے تھے۔منو بھاکر نے اگست-ستمبر میں پیرس اولمپک گیمز میں ڈبل اولمپک تمغے جیتے تھے۔ وہ 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی اور مکسڈ ڈبلز میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ ان کے دو تمغوں کی بدولت ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں کل چھ تمغے جیتے تھے۔
18 سالہ ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش نے 11 دسمبر کو سنگاپور میں ورلڈ شطرنج چیمپئن شپ کا خطاب جیتا۔ انہوں نے فائنل میں دفاعی چیمپئن چین کے ڈنگ لیرین کو 7.5-6.5 سے شکست دی۔ اتنی کم عمر میں یہ خطاب جیتنے والے گوکیش دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل یہ ٹائٹل روسی گیری کاسپاروف نے 1985 میں 22 سال کی عمر میں جیتا تھا۔ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں کانسی کا تمغہ اور ایشین گیمز 2022 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ دریں اثنا، ہرمن پریت نے تین بار ایف آئی ایچ ایوارڈز میں پلیئر آف دی ایئر کا خطاب جیتا ہے۔پروین کمار نے پیرس پیرا اولمپکس 2024 میں مردوں کی ہائی جمپ میں ایک ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیت کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ پروین، جنہوں نے ٹوکیو پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا، نے T64 ایونٹ میں کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2.08 میٹر کا فاصلہ طے کرکے تاریخ رقم کی۔