ممبئی، 19 نومبر (یو این آئی) اولمپک، پیرا اولمپکس، ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور دیگر بڑے کھیلوں میں غیر معمولی حصولیابیوں اور متعلقہ کھیلوں کے تئیں غیر متزلزل لگن کے لیے منو بھاکر، نیرج چوپڑا، اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت سنگھ کو انڈین اسپورٹس آنرز (آئی ایس ایچ) ایوارڈز سے نوازا گیا۔آج یہاں منعقدہ انڈین اسپورٹس آنرزکے پانچویں ایڈیشن میں اس سال پیرس اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل خواتین کے مقابلے اور 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں دو کانسے کے تمغے جیتنے والی منو بھاکر کو اسپورٹس وومن آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔منو بھاکر نے کہا، میں جیوری اور ہندوستانی کھیلوں کے احترام کا اظہار کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے مجھے اس ایوارڈ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ صرف میرا نہیں ہے، یہ میرے خاندان، میرے کوچز اور ہر اس شخص کا ہے جنہوں نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا اور مجھ پر یقین کیا۔اس سال پیرس اولمپکس اور برسلز میں ڈائمنڈ لیگ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے لیجنڈری جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا کو اسپورٹس مین آف دی ایئر سے نوازا گیا۔
ایوارڈ جیتنے کے بعد، نیرج نے کہا، “اعزاز کے لیے جیوری کا شکریہ اور دیگر تمام جیتنے والوں کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میری پوری ٹیم کا بھی شکریہ، جن کے بغیر میں آج یہاں نہیں پہنچ پاتا۔ہندوستان کے لیے بلے اور ویمنز پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتان کے طور پراپنی مضبوط کارکردگی کے لئے اسمرتی مندھانا نے ٹیم اسپورٹس میں اسپورٹس وومن آف دی ایئر کا خطاب جیتا۔مندھانا نے کہا، ’’اس اعزاز سے نوازے جانے کے لئے نہیں بلکہ اس کے لئے جو معنی رکھتا ہے، اس کے لئے بے حد خوش اور فخر محسوس کر رہی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ اس سے تمام خواتین کو نئی بلندیوں تک پہنچنے اور ہمیں فخر کرنے کی ترغیب ملے گی۔‘‘ پیرس اولمپکس 2024 میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ کو اسپورٹس مین آف دی ایئر سے نوازا گیا۔