نئی دہلی 3جنوری: ہندوستان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے 7 دن بعد آج ان کی رہائش پر ’اکھنڈ پاٹھ‘ کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں کانگریس کے موجودہ صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر سونیا گاندھی، سابق نائب صدر حامد انصاری سمیت کانگریس کے کچھ دیگر سرکردہ لیڈران نے بھی شرکت کی۔ سونیا گاندھی اور کھڑگے نے منموہن سنگھ کی رہائش (3 موتی لال نہرو مارگ) پر پہنچ کر سب سے پہلے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پھر دونوں نے منموہن سنگھ کے اہل خانہ، خصوصاً شریک حیات گرشرن کور سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر منموہن کی شریک حیات گرشرن کور نے ’اکھنڈ پاٹھ‘ کے دوران سکھ مذہب کی پاکیزہ کتاب کے کچھ اقتباسات کا ’پاٹھ‘ بھی کیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں آج ہی دہلی کے گرودوارہ شری رکاب گنج میں کیرتن اور ارداس کیا گیا۔ اس موقع پر بھی کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سونیا گاندھی کی موجودگی دیکھنے کو ملی۔ گرودوارہ پہنچ کر ڈاکٹر منموہن سنگھ کی شریک حیات گرشرن کور اور دیگر گھر والوں نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس موقع کی کئی تصویریں اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔