ممبئی، 06 جنوری (یو این آئی) اسمرتی مندھانا کو آئرلینڈ کے خلاف 10 جنوری سے راجکوٹ میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے، جب کہ باقاعدہ کپتان ہرمن پریت کور اور رینوکا سنگھ کو آرام دیا گیا ہے۔سلیکٹرز نے آئرلینڈ کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ اس سیریز کے لیے اسمرتی مندھانا کو کپتان اور دپتی شرما کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ راگھوی بشٹ اور سائلی ستگھرے کی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ بشٹ نے حال ہی میں گزشتہ سال دسمبر میں نوی ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ ستگھرے کو اکتوبر 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ پرتیکا راول اور تنوجا کنور، جنہوں نے وڈودرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، نے بھی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی خواتین کی ٹیم اس طرح ہے: – اسمرتی مندھانا (کپتان)، دپتی شرما (نائب کپتان)، پرتیکا راول، ہرلین دیول، جمیمہ روڈریگس، اوما چھتری (وکٹ کیپر)، ریچا گھوش (وکٹ کیپر)، تیجل ہسبریس، راگھوی بِشٹ، منّو منی، پریا مشرا، تنوجا کنور، تیتاس سادھو، صائمہ ذاکر حسین اور سیالی ستگھرے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد، 06 جنوری ((یواین آئی) ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم سخت حفاظتی انتظامات میں پاکستان کےمقامی ہوٹل پہنچ گئی ہے ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نجی ایئر لائن کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچی ہے۔ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ اسکواڈ 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گا، پہلا ٹیسٹ 17 جنوری اور دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے شروع ہو گا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دونوں ٹیسٹ میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان شاہینز اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 10جنوری سے 3 روزہ وارم اپ میچ اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔