بنکاک، 01 فروری (یو این آئی) ہندوستان کے متھن منجوناتھ نے جمعرات کو ہم وطن اسٹار شٹلر کدامبی شری کانت کو شکست دے کر مردوں کے سنگلز میں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی اور اشمیتا چلیہا اور ٹریسا جولی-گایتری گوپی چند بالترتیب خواتین کے سنگلز اور ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ آج 54 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 24 ویں رینک کے کدامبی شری کانت کو 63 ویں رینک کے متھن منجوناتھ کے ہاتھوں 21-9، 13-21، 21-17 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔متھن منجوناتھ اپنے آخری آٹھ میچ میں ڈچ کھلاڑی مارک کالجو کا سامنا کریں گے۔جونیئر ہندوستانی کھلاڑی ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چند نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشونی پونپا اور تنیشا کرسٹو کو 21-15، 24-22 سے شکست دے کر کوارٹر میں رسائی حاصل کی۔کوارٹر فائنل میں ٹریسا اور گایتری کی حریفوں کا مقابلہ انڈونیشیا کی چوتھی سیڈ فیبریانا دوپوجی کوسوما اور امالیا کایا پرتیوی کی ٹیم سے ہوگا۔
اس دوران اشمیتا چلیہا نے خواتین کے سنگلز میں تائپے کی شٹلر پائی یو پو کو 21-12، 15-21، 21-17 سے شکست دے کر ہندوستانی چیلنج کو برقرار رکھا۔سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چلیہا کو عالمی نمبر 44 انڈونیشیا کی ایسٹر نورومی ٹری وردویو کو شکست دینی ہوگی۔اس سے پہلے دن میں مالویکا بنسود کو آٹھویں سیڈ تھائی لینڈ کی بوسانان اونگبامرنگفن سے 24-22، 21-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔