کولکاتا6مارچ:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بنگال کی شناخت کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے 10 مارچ کو بریگیڈ میں ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’بوہیراگوٹو زومینداروں‘ (جو لوگ باہر سے آکر یہاں زمیندار بنے ہوئے ہیں) کو 10 مارچ کو اس بات کی یاد دلانی چاہئے کہ بنگال کا صبر اور شائستگی اس کی کمزوری نہیں ہے۔ اپنے پوسٹ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ ’’بنگال منریگا کے پیسے سے محروم ہے۔ وہ بنگال کی ایک الگ تصویر بنا رہے تھے۔ بنگال کو ملک کا ثقافتی دارالحکومت کہا جاتا ہے۔ بنگال میں ایسی باتیں نہیں ہوتیں۔ بنگال تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے۔ مذہب مختلف ہے لیکن تہوار سب کے لیے ہیں۔ میں اسے برداشت نہیں کروں گی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’وہ بنگال کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ بنگال کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ بنگال کی توہین ہوئی ہے۔ میں سبھی سے کہوں گی کہ 10 مارچ کو بریگیڈ میں آئیں۔ میں لوگوں سے بھی اپیل کروں گی کہ آئیے این آر سی کے خلاف لڑیں۔ آئیے آدھار کارڈ کی منسوخی کے خلاف لڑیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ ’’ہم آخری دم تک لڑیں گے۔ ہم لڑے بغیر ہارنے والے نہیں ہیں۔ ہم لڑیں گے اور جیتیں گے۔ کچھ لوگوں نے امن اور اتحاد کو توڑا دیا ہے۔ ہمیں اسے روکنے کی ضرورت ہے۔ ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ ہم اس پارٹی کے خلاف کھڑے ہوں گے جو لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔ جو لوگ دلتوں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔ پی ایم مودی کے دورے پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ وہ یہاں صرف انتخابات کے دوران آتے ہیں۔ انتخابات کے بعد ہمیں ان کا چہرہ نظر نہیں آتا۔