کولکاتہ، 24 فروری (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کی تنخواہ میں اضافے اور مدنی پور میڈیکل کالج اور اسپتال کے 12 جونیئر ڈاکٹروں کی معطلی ختم کرنے کا اعلان کیا۔محترمہ ممتا بنرجی نےعلی پور کے دھن دھنیا آڈیٹوریم میں ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرینی سے لے کر سینئر تک، تمام رینک کے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں 10,000-15,000 روپے اور اس سے زیادہ کے اضافے کا اعلان کیا۔ ڈپلومہ کے لیے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کی تنخواہ موجودہ 65 ہزار روپے سے بڑھا کر 80 ہزار روپے، پوسٹ گریجویٹ سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کی تنخواہ 70 ہزار سے بڑھا کر 85 ہزار روپے اور سینئر پوسٹ گریجویٹ سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔ انٹرن ہاؤس اسٹاف اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینی کے الاؤنسز میں ماہانہ 10,000 روپے کا اضافہ کیا گیا۔محترمہ ممتا بنرجی نے مدنی پور میڈیکل کالج اور اسپتال کے 12 جونیئر ڈاکٹروں کی معطلی کو بھی واپس لینے کا اعلان کیا، جنہیں مبینہ طور پر غفلت برتنے کے الزام میں 6 جنوری کو معطل کیا گیا تھا۔ جونیئر ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ایک خاتون ڈلیوری کے بعد فوت ہوگئی تھی اور چار افراد بیمار ہو گئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ یہ سانحہ جونیئر ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹروں کے مستقبل کو بچانے کے لیے معطلی واپس لے لی ہے۔