ممبئی26جولائی: ممبئی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے حالات خراب ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے پورا ممبئی شہر پانی میں ڈوب گیا ہے۔ آس پاس کے علاقوں میں بھی حالات خراب ہیں۔ شہر کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ ممبئی سے متصل پونے میں بھی صورتحال بہت خراب ہے۔ سڑکوں کے ساتھ ساتھ مکانات بھی زیر آب آ گئے ہیں۔ ممبئی اور پونے سمیت مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور اس حوالہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران 60-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے ممبئی کے لیے جمعہ کی صبح 8.30 بجے تک ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر تھانے میں آج اسکول اور کالج بند رکھنے کے احکامات دئے گئے ہیں۔ تھانے میونسپل کارپوریشن اور آئی ایم ڈی نے ممبئی، پالگھر، تھانے اور سندھو درگ میں 26 جولائی تک موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ ممبئی، پونے اور پالگھر میں جمعرات کی رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا۔ جمعرات کو تینوں شہروں اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں شدید بارش ہوئی۔ بارش اور اس سے متعلقہ واقعات کی وجہ سے پونے میں 4 لوگوں کی موت ہوئی، جن میں سے 3 کی موت بجلی کے جھٹکے سے ہوئی۔ ممبئی اور پالگھر میں شدید بارش کے بعد ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ممبئی شہر میں شدید بارش کی وارننگ کے بعد پولیس نے ممبئی کے لوگوں سے جمعہ کی صبح 8.30 بجے تک گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی تھی۔ نہ صرف ممبئی بلکہ مہاراشٹر کے پونے، ویڈ، گڈھ چرولی سمیت کئی علاقوں کو ان دنوں موسلادھار بارش کا سامنا ہے۔ ممبئی سے متصل لوناوالا میں بارش کا ایسا سیلاب آیا ہے کہ 30 سیاح وہاں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کرنا پڑا۔ ممبئی کے کئی سب ویز مکمل طور پر پانی سے بھر گئے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔