ممبئی 14اکتوبر:مہاراشٹر میں اسی سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس کی تاریخ کا کبھی بھی اعلان ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر حکومت لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے بڑے بڑے فیصلے کر رہی ہے۔ اب مہاراشٹر کابینہ نے عوام کو راحت دینے کے لیے ممبئی سے جڑے 5 ٹول پلازہ ہلکی گاڑیوں کے لیے فری کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ نصف رات سے نافذ ہو جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایکناتھ شندے کی صدارت میں ہوئی مہاراشٹر کابینہ کی میٹنگ میں کئی اور بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی کابینہ نے مہاراشٹر کوشل وکاس نگم کا نام آنجہانی رتن ٹاٹا کے نام پر رکھنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ ممبئی میں داخل کرنے والے جن پانچ ٹول پلازہ پر ہلکی موٹر گاڑیوں کو چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کے نام ہیں (1) ایرولی ٹول پلازہ، (2) واشی ٹول پلازہ، (3) دہیسر ٹول پلازہ، (4) مُلونڈ-ایل بی ایس ٹول پلازہ، (5) آنند نگر ٹول پلازہ۔ کابینہ کے اس فیصلہ کی جانکاری دیتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر داداجی دگڈو بھوسے نے میڈیا کو بتایا کہ نصف رات کے بعد ہلکی گاڑیوں کو ٹول سے چھوٹ دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں داخل ہونے کے وقت 5 ٹول پلازہ پڑتے ہیں، جہاں پر 45 اور 75 روپے کا ٹول ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ ہر روز یہاں سے 3 لاکھے کے قریب گاڑیاں گزرتی ہیں۔ سب ابھی ہلکی گاڑیاں یہاں سے نکلتی ہیں۔ ایسے میں حکومت نے ان لوگوں کو راحت دیتے ہوئے یہ بڑا قدم اٹھایا ہے اور آج رات 12 بجے کے بعد ہلکی گاڑیوں کو ٹول ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔