بنگلورو، 13 دسمبر (یو این آئی) اجنکیا رہانے (98) اور کپتان شریاس ایر (46) کی طوفانی اننگز کی بدولت ممبئی نے جمعہ کو پہلے سیمی فائنل میچ میں بڑودہ کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ بڑودا کے 158 رن کے جواب میں ممبئی کی پہلی وکٹ پرتھوی شا (آٹھ) کی صورت میں گری۔ شا کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ اس وقت ممبئی کا اسکور صرف 30 رن تھا۔ ممبئی فتح کی طرف بڑھ رہا تھا اور اتیت شیٹھ نے 13ویں اوور میں کپتان شریاس ایر کو آؤٹ کرکے بڑودہ کو دوسری کامیابی دلائی۔ شریاس ایر نے 30 گیندوں پر 46 رن کی اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ اجنکیا رہانے نے 56 گیندوں میں 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 98 رن بنائے۔ رہانے کو 17ویں اوور میں ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت نے آؤٹ کیا۔ سوریہ کمار یادو ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ممبئی نے 17.2 اوور میں چار وکٹ پر 164 رن بناکر چھ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ سوریانش شیگڑے نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر ممبئی کو فتح دلائی۔ بڑودہ کی طرف سے ہاردک پانڈیا، اتیت شیٹھ، ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت اور شاشوت راوت نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے آج ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بڑودا کی جانب سے بلے بازی کے لیے آئے شاشوت راوت اور ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت کی سلامی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے ابھی 23 رن جوڑے تھے کہ موہت اوستھی نے تیسرے اوور میں ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت (نو) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ بڑودہ کی اگلی وکٹ کپتان کونال پانڈیا (30) کی صورت میں گری۔ بھانو پونیا (دو)، ہاردک پانڈیا (پانچ)، وشنو سولنکی (چھ) اور اتیت شیٹھ 14 گیندوں میں (22) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شیوالک شرما نے 24 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگاکر (ناٹ آؤٹ 36) رن کی اننگز کھیلی۔ مہیش پیتھیا (چھ) 6 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بڑودہ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 158 رن بنائے۔ ممبئی کی جانب سے سوریانش شیگڑے نے دو وکٹ لیے۔ موہت اوستھی، شاردول ٹھاکر، شیوم دوبے، تنوش کوٹیان اور اتھروا انکولیکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔