پٹنہ، 22 جنوری (یواین آئی )پٹنہ: جنتادل یونائٹڈ کے ریاستی جنرل سکریٹری ارشاد علی آزاد نے لوگوں سے جن نائک کرپوری ٹھاکر کی صدسالہ تقریب میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے بھی نتیش کمار کا بہار ماڈل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے محترم وزیراعلیٰ جناب نتیش کمارنے انصاف کے ساتھ ترقی کی جو لکیرکھینچی ہے ، اس کی مثال بھی مشکل سے ملے گی۔بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی سوچ اور پالیسی ہی کا نتیجہ ہے کہ بہار میں جو لاکھوں سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں ان میں سب سے زیادہ لڑکیوں کو فائدہ ہوا ہے۔ خاص طور سے ٹیچربھرتی میں لڑکیوں نے آدھی سے بھی زیادہ سیٹوں پر اپنا پرچم لہرایا ہے۔ اس سے ایک تو وہ خود اقتصادی طور پر مضبوط ہوں گی اور دوسرے بہن اور ماں بن کر جب بچوں کو پڑھائیں گی تو بہار میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلی پیدا ہوگی۔ارشاد علی آزاد نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ایک لڑکا پڑھتا ہے تو ایک فرد تعلیم یافتہ ہوتا ہے مگر ایک لڑکی پڑھتی ہے تو پورا خاندا ن تعلیم یافتہ بن جاتا ہے۔ یہاں تو لڑکیاں پڑھائیں گی بھی اور کمائیں گی بھی۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ محترم وزیراعلیٰ اور جے ڈی یو کے قومی صدر جناب نتیش کمار نے بہار میں جس سوچ کو آگے بڑھایا ہے ، اگر اس کو ملک بھر میں آگے بڑھایا جائے تو ہندوستان کتنی تیزی سے ترقی کرے گا۔