معین علی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو کہا الوداع

0
4

لندن، 8 ستمبر (یو این آئی) آسٹریلیا کے ساتھ وائٹ بال سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب نہ ہونے کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو الوداع کہہ دیا ہے۔معین نے ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میری عمر 37 سال ہے اور مجھے آسٹریلیا کے ساتھ وائٹ بال سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔ میں نے انگلینڈ کے لیے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور اب اگلی نسل کا وقت آ گیا ہے، جیسا کہ مجھے بتایا گیا تھا۔ میں نے محسوس کیا کہ یہ اپنے تعاون کو ختم کرنے کا صحیح وقت ہے۔انہوں نے کہا “اب بھی میں کہہ سکتا ہوں کہ میں انگلینڈ کے لیے کھیلنے کی کوشش جاری رکھوں گا، لیکن سچ یہ ہے کہ میں ایسا نہیں کر پاؤں گا۔ یہاں تک کہ میں ریٹائرمنٹ اس لئے نہیں لے رہا ہوں کہ میں اب بہتر نہیں کھیل سکتا – مجھے اب بھی اپنے آپ پر یقین ہے کہ میں کھیل سکتا ہوں۔ لیکن یہ ایسے ہی چلتا ہے، ٹیم ایک مختلف سمت میں جاتی ہے۔ لہذا میں اپنے ساتھ ایماندار رہنا چاہتا ہوں۔‘‘انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے آپ پر فخر ہے۔ جب آپ پہلی بار انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہیں تو آپ کو نہیں معلوم ہوتا کہ آپ کتنے میچ کھیلنے والے ہیں۔ اس لیے 300 کے قریب میچ کھیلنا بڑی بات ہے۔ میں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی چند سالوں میں زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔ جب مورگن محدود اووروں کے کپتان بنے تو یہ زیادہ دلچسپ سفر رہا۔ لیکن ٹیسٹ کرکٹ ہی کرکٹ کی اعلیٰ ترین شکل تھی۔فرنچائز کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’میں اب بھی کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا، اس لیے کچھ فرنچائز کرکٹ کھیلوں گا۔ لیکن کوچنگ ایک ایسی چیز ہے جو میں مستقبل میں کرنا چاہوں گا اور میں وہاں بھی بہترین بننے کی کوشش کروں گا۔ میں برینڈن میک کولم سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے ایک زندہ دل انسان کے طور پر جانیں۔ میں نے بہت سے اچھے شاٹس مارے ہیں تو کئی برے شاٹس بھی کھیلے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ لوگ میرا کھیل پسند کرتے ہیں۔معین علی نے 2014 میں ایک آل راؤنڈر کے طور پر بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور 68 ٹیسٹ، 138 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انگلینڈ کے لیے بین الاقوامی سطح پر (تمام فارمیٹس) معین نے 6678 رن، آٹھ سنچریاں، 28 نصف سنچریاں اور 366 وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے آخری بار انگلینڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی اس سال گیانا میں کی تھی جہاں انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔