مظفر نگر16اگست: یومِ آزادی کے موقع پر کسان تنظیم ’بھارتیہ کسان یونین‘ نے پانی میں اتر کر پرچم لہرایا۔ انہوں نے دریائے ہنڈن پر پل کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ملک بھر میں آزادی کی 78ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی۔ تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں پرچم کشائی کی گئی۔ اسی ضمن میں اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں بھی ترنگا لہرایا گیا۔ لیکن یہاں ایک جگہ پرچم کشائی کا منظر عام نہیں تھا۔ چرتھاول تھانہ علاقہ کے سکندر پور گاؤں میں بھارتیہ کسان یونین کے کارکنوں نے دریائے ہنڈن میں اتر کر پرچم لہرا کر اور قومی ترانہ گا کر یوم آزادی منایا۔ دراصل گزشتہ کئی سالوں سے سکندر پور گاؤں میں دریائے ہنڈن پر پل بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
پل نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگوں کو اپنے روزمرہ کے کاموں کی انجام دہی میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر خواتین اور کسانوں کو اپنے جانوروں کے لیے چارہ لانے کے لیے گہرے پانی میں اترنا پڑتا ہے۔ ‘‘