بنگلورو، 5 ستمبر (یو این آئی) مشیر خان کی ناقابل شکست سنچری (105) کی بدولت انڈیا بی نے چار روزہ دلیپ ٹرافی کے پہلے میچ کے پہلے دن جمعرات کو سات وکٹ پر 202 رنز بنا لیے ہیں۔اس سے قبل انڈیا اے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈیا اے کے گیند بازوں نے انڈیا بی کو 33 رنز پر پہلا جھٹکا دیا اور اویش نے ابھیمنیو کو جورل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں لیکن مشیر خان ایک سرے پر ڈٹے رہے اور 227 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔اس کے علاوہ اوپنر یشسوی جیسوال نے 30 رنز بنائے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر نودیپ سینی 29 رن پر مشیر خان (105) کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا اے کے گیندبازوں میں خلیل احمد، آکاش دیپ اور اویش خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔