بلوم فونٹین، 30 جنوری (یو این آئی) مشیر خان کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر-6 کے پہلے میچ میں منگل کو نیوزی لینڈ کو 214 رنوں سے شکست دی۔اس سے قبل مشیر خان کی 131 رن کی سنچری اور آدرش سنگھ کی 52 رن کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ہندوستان نے انڈر 19 ورلڈ کے سپر-6 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف منگل کو آٹھ وکٹوں پر 295 رن بنایا۔ 296 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلے ہی اوور میں اس نے اپنے اوپنر ٹام جونز کا وکٹ صفر پر گنوا دیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے وکٹ مسلسل گرتے رہے۔ جیمز نیلسن 10 رن، کپتان آسکر جیکسن 19 رن، جیک کمنگ 16 رن ، ایلکس تھامسن 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ باقی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ سومی پانڈے کی چار وکٹ، مشیر خان اور راج لمبانی کے دو دو وکٹ، نمن تیواری اور ارشین کلکرنی کے ایک ایک وکٹ کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 28.1 اوورز میں 81 رنز پر ڈھیر کرکے میچ جیت لیا۔آج یہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔
پہلے بلے بازی کے لیے اتری ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے سلامی بلے باز ارشن کلکرنی نو رن پانچویں اوور کی تیسری گیندپر گنوادیا۔ اس کے بعد آدرش سنگھ نے مشیر خان کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 77 رنز جوڑے۔ آدرش 58 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان ادے سہارن نے مشیر کے ساتھ 87 رنز کی شراکت داری کی۔ ادے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اراویلی اونیش 17 رن، پریانشو مولیا 10، سچن داس 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران مشیر خان نے سنچری اسکور کی۔
اس ٹورنامنٹ میں یہ ان کی دوسری سنچری ہے۔ مشیر خان نے ٹورنامنٹ میں چار میچوں کی چار اننگز میں 81.25 کی اوسط سے 325 رنز بنائے ہیں۔ ان میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 295 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میسن کلارک نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ریان سورگس، ایوالڈ شراڈر، جیک کمنگ اور اولیور تیوتیا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔