(پریس نوٹ) رینو وا بی بی کینسر اسپتال حیدر آباد اور منصف ٹی وی چینل کے باہمی اشتراک سے سالار جنگ میوزیم حیدر آباد میں انڈو جرمن ادبی مذاکرہ اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔انڈو جرمن ادبی مذاکرہ اور مشاعرہ کا انعقاد ممتاز ادیب و سینئر صحافی اور مصنف ٹی وی چینل کے نمائندے ڈاکٹر مہتاب عالم کی صدارت میں کیا گیا ۔پروگرام میں فاؤنڈر و ڈائریکٹر کیو پی ایل ،دوحہ قطر سراج انصاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔پروگرام کے کنوینر اور انڈو جرمن مذاکرہ کے ناظم و رینو وا بی بی کینسر اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفسر پروفیسر محمد مسعود احمد نے پروگرام کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے انڈو جرمن ادبی مذاکرہ کی اہمیت و افادیت کو بیان کیا ۔انڈو جرمن ادبی مذاکرہ میں جرمنی سے تشریف لائے ممتاز نیورو سرجن ڈاکٹر ارشاد بلخی ،انجینئر اشفاق نسیم اور اروڈ گلوسچکے نے ہندستان اور جرمنی کے باہمی تعلقات ،خارجہ پالیسی جرمن ادب اور ہندستان میں لکھے جا رہے اردو ادب پر گفتگو کی ۔انہوں نے اپنی گفتگو میں اقبال کی شاعری میں یورپ کے ادبی اثرات کو بھی پیش کیا ۔اروڈ گلوسچکے نے ہندستان کے صوفیاء کی تعلیم اور سُلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے صلح کل کی تعلیمات کو اردو زبان میں جب پیش کیا تو پورا حال تالیوں سے گونج اٹھا ۔پروگرام کے دوسرے حصے میں عالمی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔عالمی مشاعرہ میں جب شعراء نے انسان دوستی ،عشق و محبت ،قومی یکجہتی ،انسانیت کی سر بلندی پر اپنے بہترین کلام پیش کیے تو سامعین دیر تک تالیاں بجاتے رہے ۔عالمی مشاعرہ میں جرمن کے فنکاروں کے علاوہ ہندستان کے ممتاز شعرا میں انجنی کمار گوئل ،فرید سحر ،ڈاکٹر طیب پاشا قادری ،پروفیسر محمد مسعود احمد ،سمیع اللہ حسین سمیع استاد شاعر ڈاکٹر فاروق شکیل نے اپنے بہترین کلام سے سامعین پر سحر طاری کردیا ۔پروفیسر محمد مسعود احمد نے اپنی موضوعاتی شاعری پیش کر کے مشاعرہ کے وقار کو بلند کیا ۔انڈو جرمن ادبی مذاکرہ و مشاعرہ پروگرام کے صدر ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنا کلام پیش کرنے سے قبل انڈو جرمن تعلقات ،ادب میں ایک دوسرے ممالک کے اثرات ،بھوپال اور حیدر آباد کے نوابین عہد سے روابط اردو زبان و ادب کے فروغ میں ریاست حیدر آباد کی بے مثل خدمات ،عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام ،ریاست حیدر آباد کی مذہبی رواداری ، عثمانیہ يونیورسٹی کے قیام میں سر سید احمد خان کے پوتے سر راس مسعود کی مساعی جمیلہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ صدارتی خطبے کے بعد ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جسے سامعین نے خوب پسند کیا ۔مشاعرہ کی نظامت کے فرائض حیدر آباد کے بہترین شاعر ڈاکٹر طیب پاشا قادری نے انجامِ دیئے اور اپنی نظامت کے منفرد انداز سے مشاعرہ کے حسن کو دو بالا کیا۔پروگرام کے آخری حصے میں تمام مہمانوں کے ساتھ ممتاز سماجی کارکن اور تلنگانہ این آر آئی فورم کے صدر جبار انا ،مہمان خصوصی ڈائریکٹر و فاؤنڈر کیو پی ایل دوحہ قطر سراج انصاری صدر مشاعرہ ڈاکٹر مہتاب عالم و دیگر مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی ۔اس موقعے پر پروگرام کے کنوینر پروفیسر محمد مسعود احمد نے منصف ٹی وی چینل کے سی ای او اینڈ ایڈیٹر ان چیف حبیب نصیر ،منصف ٹی وی چینل کے اسٹاف اور مہمان شعراء کے ساتھ سامعین کا شکریہ ادا کیا اور آیندہ پروگرام کے انعقاد تک محفل کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔