نئی دہلی5جولائی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی کیجریوال حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے لاکھوں مزدوروں کے مفادات کو پوری طرح نظر انداز کر دیا ہے اور شیلا دیکشت حکومت نے 2002 میں جو ’شرمک کلیان بورڈ‘ قائم کر کے کنسٹرکشن مزدوروں کی فلاح، صحت، تحفظ کے لیے جو منصوبے بنائے تھے، ان پر کوئی کام نہیں کیا۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ مزدور ہندوستانی معیشت کی ریڑھ ہیں اور ان کی زندگی آسان بنانا، ان کا مستقبل محفوظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ لوک سبھا انتخاب میں ’شرمک نیائے‘ کے تحت ہم نے ہر زمرہ کے مزدوروں کو تحفظ دینے کا وعدہ کیا تھا اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے مزدوروں کے حقوق دلانے کے لیے لڑائی لڑیں گے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی نے خود تعمیرات سے جڑے مزدوروں سے مل کر ان کی تکلیف سمجھنے کی کوشش کی تھی۔ انھوں نے دہلی کے گرو تیغ بہادر نگر میں مزدوروں سے ملاقات کر اور ان کے مسائل سنے تھے اور ایک کنسٹرکشن والی جگہ پر ان کے ساتھ مل کر کام بھی کیا تھا۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کے ہر مزدور اور جسمانی محنت کرنے والوں کو مکمل حقوق و احترام دلانا ہی راہل جی کی زندگی کا مشن ہے۔ راہل گاندھی مزدوروں کے جذبات کو محسوس کرتے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ اتنی مہنگائی میں روزانہ مزدوری کرنے والے لوگ ایسی زندگی گزار رہے ہیں جہاں کام کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔