نئی دہلی 7جنوری: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 7 جنوری کو ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ’بھارت پول‘ کی شروعات کر دی۔ سی بی آئی کی طرف سے تیار کردہ اس آن لائن پورٹل کو لانچ کیے جانے سے ریاستوں کی پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو خاطر خواہ فائدہ ملنے والا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بھارت پول سے ریاستوں کی پولیس اور مرکزی قوانین کو نافذ کرنے والی دیگر ایجنسیوں کو انٹرپول کے ذریعہ بین الاقوامی پولیس کی مدد کے لیے جانکاری شیئر کرنے کی سہولت ملے گی۔ قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی ملک کا قومی مرکزی بیورو ہے جو انٹرپول سے متعلق معاملوں کے لیے ذمہ دار ہے۔ اب بھارت پول لانچ ہونے سے کئی طرح کی آسانیاں میسر ہو جائیں گی۔ سرکردہ افسران نے بھارت پول کے بارے میں بتایا کہ نئے آن لائن پلیٹ فارم بھارت پول سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے پولیس فورسز اور مرکزی جانچ ایجنسیوں کو بیرون ممالک میں چھپے بھگوڑے افراد یا دیگر معاملوں پر انٹرپول سے جانکاری مانگنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے ذریعہ گزارشات جلد بھیجی جا سکیں گی۔ بھارت پول کی لانچنگ کے موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ’’بھارت پول کے لانچ ہونے کے بعد ملک کی تمام پولیس اور دیگر ایجنسیاں فوری کارروائی کر پائیں گی۔ یہ پورٹل ملک کی تحقیقات کو ایک نئے دور میں لے کر جائے گا۔‘‘ انھوں نے بھارت پول کے کچھ اہم فوائد کا بھی تذکرہ کیا۔