سری نگر،06 جون(یو این آئی)انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی نے جمعرات کو کہا کہ پولیس نے جی ایم سی سرینگر میں مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد پوسٹ کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے اور کسی کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔ان باتوں کا اظہار آئی جی نے سری نگر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور یہ کہ ہم کسی بھی فرد یا اشخاص کو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جی ایم سی سری نگر واقعے کے بعد پولیس نے اس کا سخت نوٹس لے کر بروقت کارروائی انجام دی اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ آئی جی کشمیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حقیقت سے بعید باتوں پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ اشتعال انگیز کارروائی میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف بھی موثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ شر پسند عناصر کی جانب سے پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔ان کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔