بھوپال:23؍ فروری:مدھیہ پردیش ٹورازم بورڈ (MPTB) کو مدھیہ پردیش کے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے، اختراعات کرنے، سیاحوں کو تجربے پر مبنی سیاحت فراہم کرنے اور ماحول دوست سیاحت کے میدان میں بہترین کام کرنے کے لیے قومی سطح پر اعزاز دیا گیا۔ ایم پی ٹی بی کو گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ ملک کی بڑی سفری نمائش SATTE (ساؤتھ ایشین ٹریول اینڈ ٹورازم ایکسچینج) میں ’بیسٹ ٹورزم اسٹیٹ بورڈ‘کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، پرنسپل سکریٹری سیاحت و ثقافت اور مدھیہ پردیش ٹورازم بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، شیو شیکھر شکلا نے کہا کہ محکمہ سیاحت ریاست میں آنے والے سیاحوں کی رسائی، سہولت اور حفاظت کے لیے ہمیشہ پابند عہد ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مختلف اختراعات اور اقدامات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سیاح ‘ہارٹ آف ہندوستان’ (ہندوستان کے دل ) کو دیکھنے پہنچیں۔
بورڈ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر مسٹر یوراج پاڈولے نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ قابل ذکر ہے کہ بورڈ نے تین روزہ نمائش میں نمایاں طور پر حصہ لیا اور ملک اور بیرون ممالک کے ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرس، ہوٹل مالکان اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے سامنے ریاست کے سیاحتی مقامات اور مصنوعات کی تشہیر کی۔ MPTB اسٹال پر آنے والوں کو سانچی، امر کنٹک، نرمدا گھاٹ اور دیگر مقامات کے ورچوئل دوروں کا تجربہ کرنے کا بھی موقع ملا۔ بورڈ کو یہ اعزاز سیاحت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی کمیونٹی کی اقتصادی ترقی، ریاست کی ثقافت اور وراثت کے تحفظ وغیرہ کے شعبہ میں اعلیٰ سطحی مظاہر ہ کی بنیاد پر دیاگیاہے۔