بھوپال، 12 فروری (یو این آئی) موسم کے بدلتے ہوئے مزاج کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مدھیہ پردیش میں کئی مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔بھوپال موسمیاتی مرکز کے سائنس دانوں نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ریاست کے منڈلا، ڈنڈوری، سیونی، بالاگھاٹ، نرسنگھ پور، کٹنی، جبل پور، امریا، انوپ پور، چھندواڑہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ بیتول اور نرمداپورم اضلاع میں کچھ مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس دوران سیونی میں سب سے زیادہ 32.3 ملی میٹر(ایم ایم)، شہڈول میں 28 ایم ایم کے علاوہ دیگر مقامات پر بارش ہوئی ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ودربھ میں ایک سائیکلون بناہوا ہے، جب کہ ایک ٹرف لائن بھی بنی ہوئی ہے، جس کے اثر سے موسم میں یہ تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر ریاست کے مشرقی حصے میں دیکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ریوا اور شہڈول ڈویژن کے اضلاع میں کہیں کہیں پر بارش کا امکان ہے۔راجدھانی بھوپال اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کل سے ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے دن میں دھوپ اور چھاؤں کا سلسلہ بنا ہوا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ایسا ہی موسم جاری رہنے کی توقع ہے۔