بھوپال:یکم ؍مارچ:مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، ٹیکم گڑھ کے ذریعے “سلسلہ ” کے تحت ٹیکم گڑھ کے استاد شعراء عبدالشکور رانا اور اشرف علی شاہ کی یاد میں شعری و ادبی نشست کا انعقاد 2 مارچ 2024 کو دوپہر 1:00 بجے سے نگر بھون پیلیس، ٹیکم گڑھ میں ضلع کوآرڈینیٹر چاند محمد آخر کے تعاون سے کیا جائے گا۔اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے “سلسلہ اور تلاشِ جوہر” کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں. اس سال ضلع وار سلسلہ اور تلاشِ جوہر پروگرام اُس ضلع کے مرحوم تخلیق کاروں اور مجاہدین آزادی کو موسوم ہیں. اکادمی کے ذریعے سبھی ضلعوں میں اپنے کوآرڈینیٹروں کے تعاون سے ایسی ہستیوں کے نام تلاش کرکے ان کی یاد میں پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے کا تینتیسواں پروگرام ٹیکم گڑھ میں منعقد ہورہا ہے جس میں ٹیکم گڑھ ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔
ٹیکم گڑھ ضلع کے کوآرڈینیٹر چاند محمد آخر نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں دوپہر 2:00 بجے سلسلہ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اما شنکر مشرا۔ ادیب اور شاعر ( موضوع: عبد الشکور را نا فن و شخصیت ) را جیو نامدیو: ادیب و شاعر (موضوع: اشرف علی شاه فن و شخصیت ) پر گفتگو کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ شعری نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقرر اور شاعر کے طور پر چھترپور کے سینیئر شاعر عامل حبیبی کا نام شامل ہے اور مقامی شعراء و ادبا میں حاجی ظفر اللہ ظفر، وفا شیدا، نسیم منھ پھٹ ، شیو چرن اٹمالیا، انور ساحل، جابر گل، بشیر فراز، صابر و صدیقی عمران جتا روی ، شکیل خان شکیل، گیت کاوید یکا، جئے ہند سو تشتر، محمد عارف ، رویندر یادو وغیرہ کے نام شامل ہیں۔سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض اقبال فضا انجام دیں گے۔
ڈاکٹر نصرت مہدی نے ٹیکم گڑھ کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔