بھوپال، 15 فروری (پریس نوٹ) قرآن کریم اللہ ر ب العزت کی وہ کتاب ہے جس کی حفاظت کا وعدہ خود خالق کائنات نے فرمایا ہے۔ پوری دنیا میں نہ جانے کتنی کتابیں ہیں لیکن کسی بھی کتاب کا کوئی حافظ نہیں ہوتا سوائے قرآن کریم کے، یہ ایک ایسی کتاب ہے جس کو ایک چھوٹا سا بچہ بھی حفظ کر لیتا ہے ۔ یہی نہیں مدارس و مکاتب میں چھوٹے چھوٹے بچے ایک ہی نشست میں پورا قرآن مجید اپنے اساتذہ کو سنا دیتے ہیں یہ قرآن ہی کا معجزہ ہے کہ انسان پوری کی پوری کتاب اپنے سینے میں محفوظ کرلے۔
گذشتہ روز شاجاپور ضلع کے مدرسہ اسلامیہ عربیہ قاسم العلوم سالیہ کے طالب علم حافظ محمد سہیل ابن مولانا محمد مختار مظاہری نے ایک ہی نشست میں پورا قرآن مجید سنا کر اپنے مدرسے ، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔ موصوف نے دن رات محنت کر گذشتہ روز پورا قرآن مجید سنایا ہے۔ مدرسے کے ناظم مولانا قاضی محمد اسحاق خان جامعی نے بتایا کہ یہ طالب علم پوری لگن اور محنت سے اپنے اسباق کی پابندی کیا کرتا تھا نیز خالی اوقات میں بھی قرآن مجید یاد کرنے کا اہتما م کیا جس کا نتیجہ آج ہم سب کے سامنے ہے۔ طالب علم کے والد مولانا مختار مظاہری نے بھی اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعی قرآن مجید ہی کی برکت ہے کہ آج محمد سہیل نے ایک ہی نشست میں پورا قرآن سنا دیا،اللہ موصوف کو مزید ترقیات سے نوازے۔
واضح رہے کہ مدرسہ اسلامیہ عربیہ قاسم العلوم سالیہ اپنے علاقے کا ایک معیاری و معتمد ادارہ ہے جو حضرت مولانا مفتی عبدالرزاق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی منشاء اور مرحوم قاضی سید محمد فاضل صاحب کی محنتوں سے وجود میں آیا، جس کا فیض آج پورے علاقے ہی نہیں بلکہ پورے صوبے میں ہے۔قابل مبارکباد ہیں مدرسے کے اساتذہ و ذمہ داران جنہوںنے طالب علم پر محنت کی۔ جیسے ہی حافظ محمد سہیل نے قرآن مجید پورا کیا گائوں و اطراف کے لوگوں کا مبارکبادی کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا سبھی نے طالب علم کو دعائوں سے نوازا۔شہر بھوپال سے مولانا حافظ نور محمد جامعی نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمد سہیل کو دعائوں سے نوازا اور کہا کہ یہ یقینا مدرسے کے لئے باعث فخر ہے۔اللہ اس بچے کو استقامت عطا فرمائے اور والدین کے لئے نجات کا ذریعہ فرمائے۔