کراچی( پریس ریلیز)محبان بھوپال فورم بہ اشتراک پاکستان امریکن کلچر سینٹرمیں معروف سماجی شخصیت محترمہ قمرالنساء قمرکےاعزاز میں کی گئی تقریب اعتراف کمال۔لائف اچیومنٹ ایوارڈ میں اپنی صدارتی تقریرمیں معروف دانشور اورلکھاری رضوان صدیقی نےکہا سماجی خدمات دراصل حکم خداوندی کااقرار ہے۔جامعہ کراچی اردوڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر عظمیٰ فرمان نے کہا قمرالنساء قمرنے اپنی زندگی کے 50سال انسانیت کی خدمت میں گزار دیئے ۔معروف صحافی منیزہ سہام مرزانے کہا کہ ان جیسی خواتین کاحکومت کو اوراس کے کرتادھرتا لوگوں کو خیال نہیں آتا،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ قمرالنساءقمرکی خدمات پر توجہ دینی چاہیے اور ان کو صدارتی ایوارڈ حسن کارکردگی عطا کیاجائے۔ڈاکٹرجہاں آراء لطفی نے کہا کہ قمرالنساءقمر سے ہمارا ساتھ 30سال پراناساتھ ہے،ہم نے ان کوتن من دھن سے صرف خدمت کرتے ہوئے دیکھا۔سابق پرنسپل علامہ اقبال کالج پروفیسرنوشابہ صدیقی نے کہا پورے کراچی میں صرف 2خواتین ایسی ہیں جن کے کام اور خدمت کو نظرانداز نہیں کیاجاسکتا۔اس میں ایک محترمہ شمیم کاظمی ،دوسری محترمہ قمرالنساءقمرہیں ۔شمیم کاظمی کی زندگی میں اعتراف کمال کی تقریب منعقد کی گئی اور اب قمرالنساء قمر کے لیے تقریب کاانعقادہمارے لیے باعث خوشی ہے۔ محترمہ نےقومی اسمبلی کی سابق ممبررہتے ہوئے اور اپنی تنظیم فلاح خواتین کے ذریعے اہم خدمات انجام دیں۔بانی وچیئرپرسن محبان بھوپال فورم شگفتہ فرحت نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے قمرالنساءقمرکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،جبکہ پاکستان امریکن کلچر سینٹر کےصدر سیدمخدم ریاض اور دیگر عہدیداران نے PACCکی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا ۔ تقریب سے ڈاکٹر عائشہ رضوی،اعجازعلی نوید نے بھی مختصر خطاب کیا ۔
سماجی خدمات دراصل حکم خداوندی کا اقرار ہے،انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے۔محترمہ قمرالنساءقمرکی زندگی کے 50سال اسی خدمت میں گزرگئے۔ہم میں سے ہرشخص کو چاہیے اپنے ذرائع سےاورخودضرورت مندوں کی مددکریں۔ تقریب اعتراف کمال۔لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے رضوان صدیقی،سیدمخدوم ریاض، ڈاکٹرعظمیٰ فرمان، پروفیسرنوشابہ صدیقی، شگفتہ فرحت،منیزہ سہام مرزا،ڈاکٹرجہاں آراء لطفی اوردیگرکاخطاب ہوا۔ بعد ازاں تالیوں کی گونج میں محبان بھوپال فورم کی جانب سے اعتراف کمال ۔لائف اچیومنٹ ایوارڈ محترم قمرالنساءقمر کو پیش کیاگیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معروف ادبی شخصیت اویس ادیب انصاری نے انجام دیئے،جبکہ تلاوت کی سعادت قاری سید طاہر جمال تھانوی اور نعت رسولؐ مقبول مدھیہ سراج نےپیش کی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ اہم ترین خواتین وحضرات بھاری تعدادمیں شریک تھے۔