مجھے مبارکباد نہ دیں، آج میں بہت غمزدہ ہوں دہلی کی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد آتشی کا پہلا بیان آیا سامنے

0
2

نئی دہلی 17ستمبر: عآم آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے استعفیٰ کے بعد آج دہلی کو نیا وزیر اعلیٰ مل گیا۔ عآپ اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں آتشی کو نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا ہے، اور لوگوں نے انھیں مبارکبادیاں بھی دینی شروع کر دی ہیں۔ لیکن آتشی نے وزیر اعلیٰ بننے یعنی نامزد کیے جانے کے بعد جو اپنا پہلا بیان دیا ہے اس میں کہا ہے کہ ’’مجھے مبارکباد نہ دیں، آج میں بہت غمزدہ ہوں۔‘‘ آتشی کا کہنا ہے کہ ’’یہ غم کا وقت ہے کہ اروند کیجریوال کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اتنی بڑی ذمہ داری دینے اور مجھ پر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے میں اپنے لیڈر اور سیاسی گرو اروند کیجریوال جی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مجھ جیسے عام کارکن کو رکن اسمبلی، وزیر اور اب وزیر اعلیٰ عہدہ کی ذمہ داری ملنا صرف عام آدمی پارٹی میں ہی ممکن ہے۔ آج یہ اہم ذمہ داری ملنے کی مجھے خوشی تو ہو رہی ہے، لیکن مجھے اس سے زیادہ غم ہو رہا ہے کہ میرے بڑے بھائی اور گرو اروند کیجریوال جی استعفیٰ دے رہے ہیں۔‘‘ آتشی نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں کیجریوال کی رہنمائی میں حکومت چلاؤں گی۔ کیجریوال کی گرفتاری غلط ہے، بی جے پی نے ای ڈی-سی بی آئی کا استعمال کر کے انھیں آبکاری معاملہ میں پھنسایا۔ دہلی والے اروند کیجریوال کو ہی وزیر اعلیٰ عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ دہلی میں جلد انتخاب ہوں گے اور لوگ کیجریوال کو پھر سے کامیاب بنائیں گے۔‘‘