مالویکا چائنا اوپن میں کرسٹی گلمور کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخل

0
4

چانگ زو، 19 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی شٹلر مالویکا بنسوڑ نے جمعرات کو چائنا اوپن 2024 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز میں اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ آج ایک گھنٹہ پانچ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے دو بار کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والی اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور کو دوسرے راؤنڈ میں 21-17، 19-21، 21-16 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ، وہ سائنا نہوال اور پی وی سندھو کے بعد بی ڈبلیو ایف سپر 1000 ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خواتین سنگلز شٹلر بن گئی ہیں۔
پہلے گیم میں اسکاٹ لینڈ کی کھلاڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے برتری کو برقرار رکھا اور اسکور 11-5 سے اپنے نام کر لیا لیکن اس کے بعد مالویکا نے گیم میں واپسی کرتے ہوئے مسلسل پوائنٹس حاصل کر کے پہلا گیم 21-17 سے اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور ایک بار پھر گلمور نے برتری حاصل کی اور دوسرا گیم 21-19 سے جیت کر میچ کو تیسرے اور فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔
بنسوڑ نے فیصلہ کن آغاز سے ہی گلمور پر غلبہ حاصل کیا اور 10-2 کی زبردست برتری حاصل کی۔ گلمور گیم جیتنے کی پوری کوشش کر رہی تھی اور اسکور کو 20-16 تک لے گئی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئیں اور بنسوڑ میچ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ پہلے راؤنڈ میں بنسوڑ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پیرس اولمپک میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی گریگوریہ ماریسکا تنجنگ کو سیدھے گیمز میں شکست دی تھی۔
کوارٹر فائنل میں مالویکا کا مقابلہ دو بار کی عالمی چیمپئن اکانے یاماگوچی سے ہوگا۔