بھوپال:24؍جولائی :راجدھانی بھوپال میں قائم وشورنگ کاقد اوردائرہ مسلسل بڑھتا جارہاہے، 15ملکوں کے تعاون سے شروع ہوئے اس کثیرالمقاصد پروگرام میں اب تک 64 ملک شامل ہوچکے ہیں۔ رویندرناتھ ٹیگور یونیورسٹی کے وائس چانسلر سنتوش چوبے نے بدھ کو منعقد پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ’’وشورنگ‘‘ اپنے چھٹے ایڈیشن میں ملک کی سرحدیں پارکر اب ماریشس میں فن وثقافت، معلومات اور تفریح کے رنگ بکھیرنے والا ہے، انہوں نے بتایا کہ 6 اگست سے شروع ہوکر 9 اگست تک چلنے والا یہ انعقاد وشوہندی سکریٹریٹ ماریشس کے مشترکہ زیراہتمام کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وشورنگ میں سات براعظم کے 50ملک شامل ہونگے۔ جس میں قریب 200تخلیق کار اپنی پیشکش دیں گے۔
اس رنگارنگ پروگرام میں الگ الگ موقعوں پر ماریشس کے صدر ، وزیراعظم اورنائب وزیراعظم بھی موجود رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں سوری نام کے صدر بھی شامل ہونگے۔ چوبے نے بتایاکہ سہ روزہ اس انعقاد میں ہندی زبان کو وسعت دینے کے لئے متعدد پروگرام کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ماریشس میں بھارتیوں کی بڑی تعداد میں موجودہے۔ اپنے ملک سے دور ان لوگوں کو بھارتیہ تہذیب وثقافت سے متعارف کرانے کے لئے یہاں پر ہولی کاخصوصی انعقاد کیا جائے گا۔