سنچورین، 27 دسمبر (یو این آئی) ایڈن مارکرم (89) اور کوربن بوش (81 ناٹ آؤٹ) کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو 301 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 90 رنوں کی برتری حاصل کرلی ہے۔جنوبی افریقہ نے کل کے تین وکٹ پر 82 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ جنوبی افریقہ کا چوتھا وکٹ کپتان ٹیمبا باوما (31) کی صورت میں گری۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے ڈیوڈ بیڈنگھم نے ایڈن مارکرم کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ نسیم شاہ نے بیڈنگھم (30) کو آؤٹ کرکے اس بڑھتی ہوئی شراکت کو توڑا۔ کائل وارن اور مارکو یانسن (دو دو) دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مشکل کے ایسے وقت میں بلے بازی کرنے آئے کوربن بوش نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز بنائے۔ 56ویں اوور میں خرم شہزاد نے ایڈن مارکرم کو رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ مارکرم نے 144 گیندوں پر (89) رنز کی اننگ کھیلی۔ صائم ایوب نے ڈین پیٹرسن (12) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی اننگ ختم کردی۔ کوربن بوش (81) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے 73.4 اوورز میں 301 رنز بنائے اور پاکستان کی پہلی اننگ کی بنیاد پر 90 رنز کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس اور صائم ایوب کو ایک ایک وکٹ ملا۔ عامر جمال نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگ میں 211 رنز بنائے تھے۔