نئی دہلی7جنوری: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی دفتر راجیو بھون میں منعقد پریس کانفرنس سے جھارکھنڈ حکومت میں پنچایتی راج کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جھارکھنڈ کی طرح دہلی میں کانگریس کی حکومت آنے کے بعد ’پیاری دیدی یوجنا‘ کے تحت 2500 روپے ہر ماہ دیے جائیں گے۔‘‘ واضح ہو کہ دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کی پہلی گارنٹی ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کیا تھا۔ آج منعقد پریس کانفرنس میں دیپیکا پانڈے نے بتایا کہ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت نے اب تک ’مائی سمّان یوجنا‘ کے تحت 56 لاکھ خواتین کے کھاتوں میں تقریباً 1500 کروڑ روپے ڈال دیے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی ہے، خواہ وہاں کانگریس کی اکیلے دم پر حکومت ہو یا اتحاد میں۔ کرناٹک، تلنگانہ، ہماچل پردیش اور جھارکھنڈ اس کی واضح مثالیں ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ کانگریس تازہ حالات میں خواتین کے حق میں کام کرنے کی بات کر رہی ہے۔ اس سے قبل کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیجیے، کانگریس نے مرکز سے لے کر ریاست تک جہاں بھی اقتدار میں آئی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا۔