نئی دہلی 24دسمبر:ہندوستان میں بڑھتی مہنگائی کے درمیان راہل گاندھی نے سبزی مارکیٹ کا دورہ کر سبزیوں کی قیمت جاننے کی کوشش کی۔ اس کی ویڈیو راہل گاندھی نے اپنے یوٹیوب چینل اور ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو کے ذریعہ راہل گاندھی نے مودی حکومت کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی ہے جو ہمیشہ عوامی مفاد میں کام کرنے کا دعویٰ کرتی رہتی ہے۔ 24 دسمبر کو ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا ہے ’’لہسن کبھی 40 روپے تھا، آج 400 روپے ہے۔ بڑھتی مہنگائی نے بگاڑا عام آدمی کی رسوئی کا بجٹ۔ کمبھ کرن کی نیند سو رہی حکومت۔‘‘ تقریباً 6 منٹ کی اس ویڈیو کو کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’کبھی 40 روپے کلو فروخت ہونے والا لہسن آج 400 روپے کلو ہے۔ بڑھتی مہنگائی نے عام لوگوں کا بجٹ بگاڑ دیا ہے۔ ساگ سبزی، تیل، آٹا سب مہنگا ہے۔ لیکن مودی حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔ وہ کمبھ کرن کی نیند میں مست ہے۔‘‘ اس ویڈیو میں راہل گاندھی کچھ خواتین کے ساتھ نظر آ رہے ہیں جو سبزی کی بڑھتی قیمت کے سبب ہو رہی پریشانی کا تذکرہ کرتی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راہل گاندھی سبزی مارکیٹ میں سبزی فروش سے الگ الگ سبزیوں کی قیمت پوچھ رہے ہیں۔ راہل گاندھی کے قریب کھڑی ایک خاتون مزاحیہ انداز میں کہتی ہے کہ ’’سونا سستا ہوگا، لیکن لہسن نہیں۔‘‘ یہ بات سن کر راہل گاندھی مسکرائے بغیر نہیں رہ پاتے۔ ایک دیگر خاتون کہتی نظر آتی ہے کہ ’’شلجم جو (کچھ دنوں پہلے) 40-30 روپے کلو مل جاتے تھے، وہ آج 60 روپے کلو بتا رہے ہیں، مٹر کی قیمت تو 120 روپے کلو ہے۔‘‘ راہل گاندھی جس سبزی مارکیٹ کا دورہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، وہ گری نگر کا ہے۔ راہل گاندھی اس سبزی مارکیٹ میں موجود کچھ خواتین سے بات کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ ’’مہنگائی ہر سال بڑھتی جا رہی ہے، اس سے آپ پر دباؤ بڑھتا ہوگا؟‘‘ جواب میں خواتین نے حامی بھری اور کہا کہ ’’مہنگائی بہت بڑھی ہے۔‘‘ مہنگائی سے پریشان ایک خاتون کہتی ہے کہ ہمارا بجٹ بہت بگڑ رہا ہے۔ تنخواہ نہیں بڑھ رہی، لیکن مہنگائی بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
کسی چیز کی قیمت اگر بڑھ گئی تو پھر وہ کم ہونے کا نام نہیں لیتی۔