لکھنو25فروری:اترپردیش میں پولیس کانسٹبیل بھرتی کا پیپر لیک ہونے کے بعد امتحان منسوخ کر دیا ہے۔ امتحان کی اس منسوخی سے ان لاکھوں لوگوں کو راحت ملی ہے جو محکمہ پولیس میں کانسٹیبل کے عہدے کی ملازمت کا خواب دیکھ رہے تھے۔ اس ضمن میں اب خبر یہ ہے کہ یوپی ایس ٹی ایف نے امتحان کے دوران نقل کرنے والے امیدواروں کے مدد گاروں کی ایک فہرست تیار کی ہے تا کہ پیپر لیک کے اصل ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کیا جا سکے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اس معاملے میں اب تک گرفتار کیے گئے تمام ملزمین کے پاس پیپر کس نیٹ ورک سے پہنچا، اس کا ایک بریف تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے تمام نیٹ ورکس کی دوبارہ جانچ کی جا رہی ہے۔
غازی آباد سے گرفتار خاتون امیدوار کو نقل کرانے والے گربچن کے گینگ لیڈر مونو مالک اور کپل کی تلاش بھی تیز کر دی گئی ہے۔ مونو مالک اور کپل مغربی اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں پیپر لیک کرنے والے گینگ کے سرغنہ بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں پکڑی جانے والی خاتون امیدوار ریا چودھری کو بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ گربچن کے ذریعے ہی اس امیدوار کا کپل اور مونو ملک کے ساتھ رابطہ ہوا تھا۔ گربچن کو خاتون امیدوار اور اس کے بھائی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔