لکھنؤ ایئرپورٹ پر ’ریڈیوایکٹیو شعاعیں‘ لیک، 2 افراد بیہوش

0
7

لکھنو17اگست: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے ایئرپورٹ پر ریڈیوایکٹیو شعاعیں لیک ہونے کی خبر سامنے آئی ہے۔ لکھنؤ میں سروجنی نگر ایئرپورٹ کے کارگو ڈپارٹمنٹ میں گیس کے رساؤ سے ایئرپورٹ پر بھگدڑ جیسی حالت پیدا ہو گئی۔ آناً فاناً میں موقع سے لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایئرپورٹ کے دو ملازمین بیہوش ہوئے ہیں۔ افسران کے مطابق پولیس فورس اور فائر بریگیڈ اہلکار وہاں پہنچ چکے ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا ہے۔ سبھی لوگوں کو ایئرپورٹ کے کارگو ایریا سے دور رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
افسران نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے اندر 1.5 کلومیٹر کا علاقہ خالی کروایا جا رہا ہے۔ خبروں کے مطابق اموسی ایئرپورٹ سے گواہاٹی جانے والی پرواز سے اینٹی کینسر دواؤں کے کنٹینر کو بھیجا جانا تھا۔ ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک کارگو ٹرمینل والے کنارے میں کنٹینر کی اسکیننگ ہو رہی تھی۔ اسی درمیان مشین نے بیپ کی آواز دی جس سے کچھ گڑبڑی کا اندیشہ پیدا ہوا۔ موقع پر موجود ملازمین نے کنٹینر کو کھولا جس میں اینٹی کینسر دوائیں تھیں۔ ان دواؤں میں ریڈیو ایکٹیو الیمنٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کنٹینر لیک کر رہا تھا جس سے نکلنے والی گیس سے ملازمین کے بیہوش ہونے کی بات سامنے آئی۔