نئی دہلی 8مارچ:آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست آج جاری کر دی۔ 39 امیدواروں کی اس پہلی فہرست میں کچھ بڑے نام شامل ہیں، مثلاً راہل گاندھی، بھوپیش بگھیل، ششی تھرور وغیرہ۔ راہل گاندھی ایک بار پھر کیرالہ کے وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے انتخابی میدان میں اتریں گے، جبکہ چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو چھتیس گڑھ کی راج نند گاؤں سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈران کے سی وینوگوپال، پون کھیڑا اور اجئے ماکن نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس کر پارٹی کے ذریعہ طے کردہ 39 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس دوران وینوگوپال نے جانکاری دی کہ سی ای سی کی میٹنگ میں صلاح و مشورہ کے بعد پارٹی صدر کھڑگے کے ذریعہ امیدواروں کی پہلی فہرست کو منظوری ملی۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ سی ای سی کی اگلی میٹنگ 11 مارچ کو ہوگی جس میں کئی دیگر امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس کی جو پہلی فہرست جاری ہوئی ہے اس میں چھتیس گڑھ، کرناٹک، کیرالہ، لکشدیپ، میگھالیہ، ناگالینڈ، سکم، تلنگانہ اور تریپورہ کی پارلیمانی سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان ہوا ہے۔ جن 39 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں 15 جنرل زمرہ کے ہیں، جبکہ 24 کا تعلق درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، او بی سی یا اقلیتی طبقہ سے ہے۔