کولکاتا10مارچ: ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے مغربی بنگال کی تمام 42 سیٹوں کے لیے لوک سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ سابق کرکٹر یوسف پٹھان بہرام پور لوک سبھا سیٹ سے ٹی ایم سی کے امیدوار ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم سی نے مہوا موئترا کو بنگال کی کرشن نگر لوک سبھا سیٹ سے دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے 42 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ترنمول کانگریس کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ آسنسول سے لوک سبھا سیٹ کے لئے ٹی ایم سی کے امیدوار شتروگھن سنہا ہوں گے۔ ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ ترنمول کانگریس مغربی بنگال میں اکیلے الیکشن لڑے گی۔ اس کے علاوہ آسام اور میگھالیہ میں بھی الیکشن لڑے گی۔ اکھلیش یادو کے ساتھ یوپی میں ایک سیٹ پر الیکشن لڑنے کی بات چیت چل رہی ہے۔ مغربی بنگال کی تمام 42 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ٹی ایم سی کے اپنے امیدواروں کا اعلان کرنے پر کانگریس کے ایم پی جے رام رمیش نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس نے بار بار مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کا باعزت معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ کہا ہے کہ اس طرح کے معاہدے کو مذاکرات کے ذریعے حتمی شکل دی جانی چاہیے نہ کہ یکطرفہ اعلانات کے ذریعے۔ کانگریس ہمیشہ چاہتی ہے کہ ‘انڈیا اتحاد مل کر بی جے پی کا مقابلہ کرے۔