پیرس، 4 اگست (یو این آئی) ہندوستانی خاتون باکسر لولینا بورگوہین اور مردوں کے باکسر نشانت دیو کو کوارٹر فائنل میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آج یہاں منعقدہ میچ میں لولینا بورگوہین کو خواتین کے 75 کلوگرام کوارٹر فائنل میں چین کی لی کیان کے خلاف اسپلٹ ڈسیزن (4-1) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لولینا بمقابلہ لی کیان میچ کے پہلے راؤنڈ میں دونوں کھلاڑی شروع سے ہی ایک دوسرے پر حاوی رہے لیکن راؤنڈ کے اختتام سے قبل لی کیان نے اپنے بہترین جیبس کا استعمال کرتے ہوئے پہلا راؤنڈ جیت لیا۔ اسی طرح کیان نے دوسرے اور تیسرے راؤنڈ میں بھی فتح درج کرائی، اس دوران ہندوستانی باکسر لولینا دفاعی انداز میں رہیں۔ لی کیان نے اس کا خوب فائدہ اٹھایا اور بہت آسانی سے میچ جیت لیا۔ لولینا بورگوہین نے اس ہفتے کے شروع میں ناروے کی اسنیوا ہوفسٹڈ کے خلاف 5:0 کی متفقہ جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ کل دیر رات ایک اور میچ میں نشانت دیو کو مردوں کے 71 کلوگرام زمرے کے کوارٹر فائنل میچ میں میکسیکو کے مارکو وردے کے خلاف 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اولمپک ڈیبیو میں، نشانت نے ابتدائی راؤنڈ میں اپنے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مارکو وردے کے خلاف مسلسل شاندار مکوں کا استعمال کیا۔ سیکنڈ سیڈ باکسر مارکو وردے ہندوستانی باکسر کے خلاف شروع سے ہی دفاعی انداز میں رہے۔ تیسرے راؤنڈ میں نشانت کے خلاف مارکو وردے نے برتری حاصل کی اور آخر میں نشانت دیو کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بدھ کو ایک قریبی مقابلے میں نشانت نے ساتویں سیڈ ایکواڈور کے باکسر کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔