بھوپال:10؍جنوری:نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے کہا ہے کہ انفرااسٹریکچر ترقی سے ہی علاقہ کی ترقی ہوگی۔ وندھیہ علاقہ میں ترقی کیلئے ہائی- وے ایئرپورٹ کی سہولت ہو گئی ہے ۔ للت پور- سنگرولی ریلوے لائن کا کام مکمل ہوتے ہی پورے وندھیہ کی ترقی کو رفتار ملے گی۔ اس سے روزگار کے مواقع اور صنعت کاری بھی تیزی سے ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ للت پور-سنگرولی ریلوے لائن تعمیر میں زمین کے حصول کی باقی کارروائی کرکے ریلوے کو زمین دستیاب کروائیں۔ بے گھر افراد کو متبادل رہائشی اراضی فراہم کرکے ان کے لیے مکانات کا انتظام کیا جائے۔ کلکٹر کو نقل مکانی کے عمل کو انتہائی حساسیت کے ساتھ مکمل کریں۔ ریلوے کے تعمیراتی کام میں غیر ضروری رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ کمشنر آفس آڈیٹوریم ریوا میں نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے للت پور-سنگرولی ریلوے لائن کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پنا سے ستنا، گووند گڑھ سے سیدھی اور سیدھی سے سنگرولی تک ریلوے لائن کے تعمیراتی کام کا نقطہ وار جائزہ لیا۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ ریوینیو، محکمہ جنگلات کو ریلوے افسران کو ضروری تعاون فراہم کریں۔ تاکہ کام تیز رفتاری سے مکمل ہو سکے۔ بتایا گیا کہ سیدھی اور سنگرولی کے درمیان تعمیراتی کام کے لیے ریلوے کو درکار 17 کروڑ روپے کی رقم محکمہ جنگلات کے پاس جمع کرادی گئی ہے۔ ڈویزنل فارسٹ آفیسر 15 دنوں کے اندر ریلوے کو محکمانہ اجازت جاری کرے تاکہ ٹینڈر کا عمل مکمل ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ چرہٹ کے قریب سون ندی پر پل اور بہری کے قریب گوپد ندی پر پل اور 17 مجوزہ سرنگوں کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے کیا جائے۔ ریلوے کے سینئر افسر مسٹر ایم ایس ہاشمی نے بتایاکہ سیدھی ضلع کے بگھوار اسٹیشن تک تعمیراتی کام مارچ تک اور رام پور نیکن اسٹیشن تک مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ممبرپارلیمنٹ ریوا مسٹر جناردن مشرا، ممبرپارلیمنٹ سیدھی ڈاکٹر راجیش مشرا،چیئرمین نگر نگم ریوا مسٹر وینکٹیش پانڈے ،کمشنر ریوا مسٹر بی ایس جامود ، ڈی آئی جی مسٹر ساکیت پرکاش پانڈے سمیت انتظامیہ ، پولس، ریوینیو ، محکماتی افسران سمیت ریلوے کے سینئر افسران موجو دتھے۔