نینی تال، 21 فروری (یو این آئی) اتراکھنڈ میں ہلدوانی فسادات کی آگ بجھنے کے بعد بدھ کو قومی اقلیتی کمیشن کی ٹیم چیئرمین اقبال سنگھ لالپورہ کی قیادت میں ہلدوانی پہنچ گئی۔ کمیشن نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا۔ کمیشن کی تین رکنی ٹیم آج ہلدوانی پہنچی۔ صدر کے علاوہ نائب صدر کیسری کے ڈیبو اور کمیشن کے رکن رنچن لہمو بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ اس نے پہلے ضلع مجسٹریٹ وندنا اور ایس ایس پی پی این مینا کے ساتھ دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی اور واقعہ کی مکمل جانکاری حاصل کی۔اس کے بعد ٹیم نے جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ بنبھول پورہ پولیس اسٹیشن کے ساتھ کمیشن کے ارکان مبینہ ملک کا باغیچہ میں بھی گئے جہاں پتھراؤ اور آتش زنی ہوئی تھی۔ بنبھول پورہ پولیس اسٹیشن کے سربراہ نیرج بھکونی نے انہیں بتایا کہ فسادیوں نے پولیس اسٹیشن کو گھیر لیا اور پتھراؤ، توڑ پھوڑ اور آتش زنی شروع کردی۔