قنوج11جنوری: یوپی کے شہر قنوج کے ریلوے اسٹیشن پر ایک سنگین حادثہ پیش آیا جب اسٹیشن کی تعمیراتی عمارت کا لِنٹر ڈالتے وقت شٹرنگ منہدم ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں تقریباً 35 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ اب تک 20 مزدوروں کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ کئی مزدوروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے تزئین و آرائش اور دو منزلہ عمارت کی تعمیر کے دوران یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لِنٹر کی کاسٹنگ ہو رہی تھی۔
موقع پر پہنچنے والی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مزدوروں کو ملبے سے نکالنے کا عمل شروع کیا۔ عوام کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر موجود رہی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ نارتھ ایسٹ ریلوے کے مطابق، شٹرنگ گرنے کے واقعے میں 5 مزدور زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم، موقع پر موجود عینی شاہدین اور مقامی ذرائع نے دبے ہوئے افراد کی تعداد زیادہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔